روزنامہ بصارت, latest News, live news, Breaking News

بنگلہ دیش سے ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کے باوجود پاکستان کو ٹرافی نہ ملنے کی وجہ سامنے آگئی

ڈھاکہ پاکستان نے بنگلا دیش نے ٹی 20 سیریز 3-0 سے جیت لی لیکن گرین شرٹس کو ٹرافی نہیں دی گئی۔ کرکٹ میں سیریز کے اختتام پر جیتنے والی ٹیم کو ہمیشہ ٹرافی دی جاتی ہے لیکن پاکستان کو بنگلا دیش سے سیریز جیتنے کے باوجود ٹرافی سے محروم رکھا گیا۔ پی سی بی کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قومی ٹیم سیریز جیتنے کے بعد ونرز بورڈ کے ساتھ کھڑی ہے مگر سیریز کی ٹرافی کہیں بھی دکھائی نہیں دے رہی ،صرف کھلاڑی بورڈ کے ساتھ تصویر بنوارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹی 20 سیریز کی ٹرافی پاکستان کو ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر فراہم کردی جائے گی۔ انہوں نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چونکہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین دستیاب نہیں تھے اس لیے ابھی ٹرافی نہیں دی گئی، پاکستان کو ٹرافی ان ہی کے ہاتھ سے ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر دلوائی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز 26 نومبر سے شروع ہورہی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے ٹی 20 سیریز میں میزبان ٹیم کو کلین سویپ کیا ہے۔